Monday, June 01, 2026
 

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 6 ڈاکو گرفتار

 



شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے مبینہ مقابلوں کے دوران 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا جن میں 4 زخمی حالت میں شامل ہیں۔ کارروائیاں بلال کالونی، بن قاسم، سرسید اور کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کی جانب سے کی گئیں۔ پولیس کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر فائیو ڈی میں ہونے والے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد جنید کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسی طرح بن قاسم پولیس نے ملیر گوھرا پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جن میں سے ایک زخمی حالت میں تھا۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم محمد شعیب کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ سرسید پولیس کے مطابق سیکٹر 7 بلال کالونی میں بھی مبینہ مقابلہ ہوا جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ اس کی شناخت یوسف آغا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا۔ ادھر کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مہران ٹاؤن میں بھی پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا جن میں ایک زخمی تھا۔ زخمی ملزم فرمان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ محمد علی نامی دوسرے ملزم کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل