Friday, June 05, 2026
 

متحدہ عرب امارات نے تین ممالک کیلیے نئے ویزوں کا اجرا روک دیا

 



متحدہ عرب امارات نے تین ممالک کے شہریوں کے لیے نئے ویزوں کا اجرا معطل کر دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی قومی ہنگامی، بحران اور آفات انتظامی اتھارٹی اور وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی کی جانب سے ایک اہم مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے ویزوں کے اجرا پر پابندی 3 افریقی ممالک جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان سے آنے والے مسافروں پر لاگو ہوگی اور یہ اقدام ایبولا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشات کے پیشِ نظر اُٹھایا گیا۔ ان ممالک کے شہریوں کے لیے تمام نئے ویزے، بشمول وزٹ ویزے، معطل کر دیے گئے ہیں اور ان ممالک سے آنے والے اُن مسافروں کے متحدہ عرب امارات میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی جو کسی تیسرے ملک کے ذریعے ٹرانزٹ کرتے ہوئے امارات پہنچیں گے۔ تاہم حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ مسافر جو متحدہ عرب امارات آمد سے قبل مذکورہ ممالک سے باہر مسلسل 21 دن یا اس سے زیادہ عرصہ گزار چکے ہوں گے انھیں ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا اور وہ مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد ملک میں داخل ہو سکیں گے۔ یہ نئے اقدامات 6 جون 2026 بروز ہفتہ دوپہر ایک بجے سے نافذ العمل ہوں گے۔ عالمی صحت کی صورتحال میں تبدیلی کی صورت میں ان پابندیوں میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندیوں کے باوجود متحدہ عرب امارات اور متاثرہ ممالک کے درمیان کارگو آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہیں گے جبکہ ٹرانزٹ پروازیں بھی معطل نہیں کی جائیں گی تاکہ سامان کی ترسیل اور بین الاقوامی فضائی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ایبولا وائرس سے متعلق افریقا کے بعض علاقوں میں سامنے آنے والی صورتحال پر دنیا بھر کی حکومتیں نظر رکھے ہوئے ہیں۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل