Loading
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے ایک ویڈیو تیزی سے گردش کر رہی ہے جس میں اسپتال کے وارڈ کے اندر چوہوں کو مریضوں اور بستروں کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کو پاکستان کے شہر کوئٹہ کے سول اسپتال سے جوڑتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ وہاں صفائی کی انتہائی خراب صورتحال ہے، تاہم تحقیقات سے یہ دعویٰ بے بنیاد ثابت ہوا ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور یوٹیوب پر شیئر کی جانے والی 32 سیکنڈ کی اس ویڈیو کے ساتھ کہا گیا کہ یہ بلوچستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال سول اسپتال کوئٹہ کی ہے۔ بعض صارفین نے اس فوٹیج کو ’’انتہائی تشویشناک‘‘ قرار دیتے ہوئے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
تاہم فیکٹ چیک کے دوران معلوم ہوا کہ ویڈیو کا پاکستان یا کوئٹہ کے سول اسپتال سے کوئی تعلق نہیں۔ ریورس امیج سرچ کے ذریعے یہ فوٹیج بھارتی میڈیا اداروں کی رپورٹس میں سامنے آئی، جہاں اس کی اصل لوکیشن بھارت کی ریاست اتر پردیش کے گورنمنٹ میڈیکل کالج گونڈہ کا آرتھوپیڈک وارڈ بتائی گئی۔
Civil hospital Quetta. Got this absolutely scary video on a whatsap group. Will someone take notice ???? pic.twitter.com/hQuZaHXHES
— Mubasher Lucman (@mubasherlucman) May 22, 2026
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیو جنوری 2026 میں منظرعام پر آئی تھی، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی تھیں۔ متعدد بھارتی اخبارات اور نیوز پلیٹ فارمز نے اس واقعے کی رپورٹنگ کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ فوٹیج گونڈہ کے سرکاری اسپتال میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
فیکٹ چیک سے یہ بھی سامنے آیا کہ وائرل پوسٹس میں پاکستان یا کوئٹہ کے سول اسپتال سے متعلق کوئی مستند ثبوت موجود نہیں تھا۔ اس کے باوجود ویڈیو کو غلط معلومات کے ساتھ شیئر کیا جاتا رہا، جس سے عوام میں غلط تاثر پیدا ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز یا تصاویر کو شیئر کرنے سے قبل ان کی حقیقت جانچنا ضروری ہے، کیونکہ پرانی یا کسی دوسرے ملک کی فوٹیج کو غلط تناظر میں پیش کرنا عوام کو گمراہ کر سکتا ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق چوہوں کی وائرل ویڈیو کوئٹہ کے سول اسپتال کی نہیں بلکہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک سرکاری اسپتال کی ہے، لہٰذا اسے پاکستان کے کسی طبی ادارے سے منسوب کرنا درست نہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل