Loading
امریکی پاپ گلوکارہ آریانہ گرانڈے نے وائٹ ہاؤس پر زور دیا ہے کہ ان کی موسیقی کو امیگریشن پالیسیوں کے فروغ کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب وائٹ ہاؤس نے ایک سوشل میڈیا ویڈیو میں ان کا مشہور گانا ’’بائے‘‘ استعمال کیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سرحدی اہلکاروں کو افراد کو ہتھکڑیاں لگاتے اور حراستی مراکز منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس ویڈیو کے پس منظر میں آریانا گرانڈے کا 2024 کا گانا ’’Bye‘‘ چل رہا تھا، جبکہ کیپشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ملکی تاریخ کی سب سے محفوظ سرحد فراہم کی ہے۔
ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے آریانا گرانڈے نے سخت الفاظ میں لکھا کہ ان کی موسیقی کو اس قسم کے ’’وحشیانہ، غیر انسانی اور قابلِ مذمت‘‘ مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ ان کے تبصرے کے بعد ویڈیو سے آواز ہٹا دی گئی جبکہ ان کا کمنٹ بھی حذف کر دیا گیا، جس پر متعدد صارفین نے سوشل میڈیا پر اعتراض اٹھایا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان ایبیگیل جیکسن نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں آریانا کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں غیر قانونی مجرم تارکینِ وطن وہ عناصر ہیں جنہوں نے بے گناہ امریکی شہریوں کو نقصان پہنچایا اور قتل کیا۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئے قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امیگریشن اداروں کے لیے اپنی صدارتی مدت کے باقی ڈھائی برسوں کے دوران 70 ارب ڈالر سے زائد فنڈنگ کی منظوری دی گئی ہے۔
متنازع ویڈیو میں سرحدی اہلکاروں کو افراد کو ہتھکڑیاں لگاتے، گاڑیوں میں منتقل کرتے اور بعد ازاں حراستی مراکز میں لے جاتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جس پر انسانی حقوق کے حوالے سے بھی بحث چھڑ گئی۔
آریانا گرانڈے ان فنکاروں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں جنہوں نے صدر ٹرمپ یا وائٹ ہاؤس کو اپنی موسیقی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے منع کیا ہے۔ گزشتہ برس سبرینا کارپینٹر نے بھی وائٹ ہاؤس کی ایک ویڈیو میں اپنا گانا استعمال کیے جانے پر شدید احتجاج کیا تھا۔
اس سے قبل ایبا، سیلون ڈیان اور بیونسی بھی صدر ٹرمپ کی 2024 کی انتخابی مہم کے دوران اپنی موسیقی کے استعمال پر اعتراض کر چکے ہیں اور واضح کر چکے ہیں کہ ان کے گانے سیاسی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ کیے جائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل