Friday, June 12, 2026
 

سندھ؛ ہیٹ ویو کی شدت میں کمی کا امکان، مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی

 



سندھ میں ہیٹ ویو کی شدت میں کمی کا امکان ہے جبکہ مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ صوبہ سندھ میں جاری ہیٹ ویو کی موجودہ صورتحال کل سے ختم ہونے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ آج کراچی میں موسم جزوی ابر آلود رہنے اور معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ پیر کے روز بھی تند و تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل کشمور، شکارپور، گھوٹکی، جامشورو، دادو، حیدر آباد، میرپور خاص، خیرپور، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے اضلاع میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ اسی طرح 14 جون کو دادو، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور خیرپور کے اضلاع میں بھی چند مقامات پر گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی اور جھکڑ چلنے کے باعث کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل