Loading
بنوں میں آندھی اور موسلادھار بارش سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے، اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ضلع بنوں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف مقامات پر دیواریں، مکانات اور دکانیں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 2 مرد اور دو بچے شامل جبکہ زخمیوں میں4 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ نقصانات کا مزید تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کمزور اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے، ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل