Sunday, July 07, 2024
 

بلوچستان میں عوام کو سندھ کی طرز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، بلاول بھٹو

 



 کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو صوبے میں سندھ کی طرز پر عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں جمعرات کے روز وزیراعلی ہاوٴس کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں بلاول بھٹو کو صحت، تعلیم، امن و امان اور بجٹ سمیت مختلف فلیگ شپ پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا داخلہ ضیاء لانگو سمیت دیگر صوبائی وزرا ظہور بلیدی ،صادق عمرانی و علی مدد جتک، بخت کاکڑ، سردار فیصل جمالی بھی شریک تھے۔

شرکا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کو امن کا مکمل گہوارہ بنانے کیلئے گراس روٹ لیول تک سیاسی عمل ضروری ہے، دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے انکے بیانئے کو شکست دینا ہوگی، بلوچستان کی پہلی یوتھ پالیسی خوش آئند ہے تاہم اس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سندھ کی طرز پر صحت کے منصوبوں کی فوری تکمیل جلد از جلد کی جائے، سیلاب متاثرہ افراد کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل کی تیز کی جائے۔

اجلاس میں بریفنگ

بلاول بھٹو کو بینظیر بھٹو اسکالر شپ پروگرام، پیپلز ائیر ایمبولینس اور پیپلز گرین بس سروس کے قیام، کوئٹہ میں این آئی سی وی ڈی اور گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف لیور ٹرانسپلانٹ کے قیام، اسکل ورکرز کارڈ پروگرام اور ریسکیو 1122 سروس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں 300 فیصد اضافے، صحت کے ترقیاتی بجٹ میں 129 فیصد اضافے، بلوچستان میں کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کرنے، 30 ہزار سے زائد زرعی ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی کے منصوبے، دریائے سندھ سے آنے والی کچھی کینال کے نئے فیز کی تعمیر کے لئے 10 ارب روپے مختص کرنے پر بریفنگ دی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل