Loading
ٹریفک پولیس کی جانب سے یکم جنوری سے 17 جون تک سال 2025 اور 2026 کے دوران پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اعداد و شمار اور اس کے جائزے کا مقصد شہریوں کو ٹریفک حادثات ، اموات اور زخمیوں کی شرح میں آنے والی نمایاں کمی سے آگاہ کرنا اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے ذریعے انسانی جانوں کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری تا 17 جون 2026 کے دوران مہلک ٹریفک حادثات کے 313 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ سال 2025 کے اسی عرصے میں یہ تعداد 447 تھی، اس طرح مہلک حادثات میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ جانی نقصان کے حوالے سے رواں سال مذکورہ مدت کے دوران ٹریفک حادثات میں 339 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں اموات کی تعداد 477 تھی اس طرح اموات میں 29 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق زخمیوں کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 574 رہی جبکہ گزشتہ سال 2025 میں اسی مدت کے دوران 886 افراد زخمی ہوئے تھے اور یوں زخمیوں کی تعداد میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق ہیوی گاڑیوں سے متعلق حادثات کے جائزے کے مطابق سال 2026 میں ایسے 78 حادثات رپورٹ ہوئے جبکہ سال 2025 میں یہ تعداد 154 تھی، اس طرح ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں 49 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کی مؤثر حکمتِ عملی، حادثات کے بعد تحقیقات کے لیے KRAAT کے قیام ، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد ، مؤثر نگرانی اور روڈ سیفٹی اقدامات کے باعث حادثات ، اموات اور زخمیوں کی تعداد میں یہ مثبت اور حوصلہ افزا تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں ، رفتار کو قابو میں رکھیں ، اوور اسپیڈنگ سے گریز کریں ، لین ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنائیں ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا لازمی استعمال کریں اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے احتیاط کا مظاہرہ کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو ممکن بنایا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل