Tuesday, June 23, 2026
 

بھارتی شہری کوایئرلائن کی میزبان سے چھیڑچھاڑ مہنگی پڑ گئی

 



سنگاپور کی عدالت نے سنگاپورایئرلائن کی فضائی میزبان سے چھیڑ چھاڑ پر 6 ماہ قید کی سزا سنادی۔ غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنگاپور کی مقامی عدالت نے بھارت کے شہری 35 سالہ آکاش تیواڑی کو رواں سال 9 فروری کو تھائی لینڈ سے واپس جانے والی پرواز میں پیش آنے والے واقعے پر چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی کے الزامات پر سزا سنائی۔ عدالت کو سماعت کے دوران بتایا گیا کہ آکاش تیواڑی اور ان کے 4 دوستوں نے پرواز کے دوران جب بھی خاتون میزبان گزرتی تو مضحکہ خیز انداز میں ہنستے تھے۔ فیصلے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ بنکاک سے جہاز پرواز بھرنے سے قبل ہی ان سے کھانے کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا کیا گیا، جس پر آکاش تیواڑی نے اپنا بازو آگے بڑھایا اور ان کی ٹانگوں کو چھوا اور ہنسنے لگے، جس پر ان کے دوست بھی ہنسنے لگے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ میزبان نے عملے کے سربراہ کو واقعے سے آگاہ کیا اور انہیں مسافروں کو کھانے دینے کے لیے دوسری جگہ تعینات کردیا گیا لیکن جب وہ مسافروں سے برتن واپس لے رہی تھیں تو آکاش تیواڑی نے اپنے بائیں بازو سے خاتون کی پیٹھ کو چھوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون نے اپنے سینئرز کو واقعے سے متعلق بتایا اور دو خواتین نے آکاش تیواڑی سے بات کی لیکن وہ بضد تھا کہ انہوں نے خاتون کے ساتھ کوئی غلط نہیں کیا ہے۔ عدالت کو مزید بتایا گیا کہ آکاش تیواڑی کے ایک دوست نے زوردار قہقہ لگاتے ہوئے واقعے کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیئر پی کر شو دیکھنا چاہتا ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر لائنڈا نے بتایا کہ خاتون اس واقعے پر بہت پریشان تھیں اور ملزم سے کہا بھی کہ وہ ان کو نہ چھوئیں، ملزم معذرت کرنے کے بجائے مسکرایا جبکہ خاتون مزید گھبرائیں اور انہیں مسلسل کہتی رہیں کہ مت چھوئیں۔ مزید بتایا گیا کہ جب پرواز لینڈ کرگئی تو عملے کے سپروائزر اور کپتان کو واقعے سے آگاہ کیا گیا جبکہ ملزم نے خاتون میزبان کا وہاں پیچھا کیا اور ان بہت قریب کھڑے ہوگئے اور نہیں دور جانے کو کہنا پڑا، پھر جب وہاں سے جانے لگیں تو مسلسل وہ ان کا پیچھا کر رہا تھا، جس پر انہیں تنبیہ کی گئی۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم نے دور جانے کے بجائے دھمکی آمیز لہجے میں مزید قریب آیا اور طیارے کی سروس کی جگہ پر خاتون کو گھیر لیا تاہم اس دفعہ خاتون نے شور مچایا کہ وہ دور رہیں اور ان کا پیچھا چھوڑ دیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ خاتون کانپ رہی تھیں اور آنسو گر رہے تھے اور اپنے سینئرز سے مدد مانگ لی اور پھر آکاش تیواڑی وہاں سے چلے گئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعے سنگاپور کے چینگی ایئرپورٹ میں پیش آیا اور پرواز لینڈ کرنے کے بعد پولیس اسٹیشن میں  شکایت درج کرادی گئی۔ قبل ازیں گزشتہ ماہ (مئی) بھی 20 سالہ بھارتی شہری کو سنگاپور ایئرلائنز کی خاتون سے چھیڑ چھاڑ پر 3 ہفتوں کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا، یہ واقعہ پرتھ سے سنگاپور آنے والی پرواز میں پیش آیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل