Tuesday, June 23, 2026
 

کراچی میں گھر کے قریب سے لاپتہ ہونے والی بچی کی تشدد زدہ بوری بند لاش برآمد

 



شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں لاپتہ ہونے والی کمسن بچی کی تشدد زدہ بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد میں تین سالہ کلثوم نامی بچی دوپہر 12 بچے گھر کے قریب لاپتہ ہوئی اور مغرب کے وقت اہل خانہ کو اُس کی تشدد زدہ لاش گھر سے تھوڑی دور سے ملی۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔ بچی لاش ملنے پر اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ گیا جبکہ ماں اپنا ہوش کھو بیٹھی۔ والد نے بتایا کہ کلثوم دوپہر 12 بچے گھر کے سامنے سے لاپتہ ہوئی جس کے بعد ہم نے اُس کو بہت تلاش کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ماہ پہلے بھی ہمارے علاقے سے ایک دوسری بچی کی تشدد زدہ بوری بند لاش ملی تھی۔ والد نے کہا کہ ہمیں کسی پر شک نہیں اور کسی سے کوئی دشمنی نہیں جبکہ میں مزدوری کرتا ہوں۔ پولیس نے تصدیق کی کہ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کی وجہ موت سامنے آئے گی۔ دوسری جانب آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے بچی کی لاش ملنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو بچی کی گمشدگی اور ہلاکت کے عوامل سمیت تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کر کے حقائق جلد از جلد سامنے لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر اور ذمہ دار افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل