Loading
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیر سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں، انہوں نے جو بیانات دیے میں نے اسکا جواب دیا اور میں نے جو بات کی اسکی دلیل بھی دی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جناب اسپیکر میں نے اس حوالے سے ٹویٹ بھی کیا، برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی کشمیری یا پاکستانی نہیں بنتا، کشمیریوں نے جانیں دی لیکن ہم نے بھی جانیں دیں، ہم نے پانچ جنگیں لڑی ہیں لیکن صلہ کیا ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نوے کی دہائی میں شدید کشیدگی دیکھی، میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے کشیدگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے اقتدار کے زمانے میں اس ایوان میں کیا کیا نہیں ہوا، مراد سعید ان میزوں کے اوپر دوڑتے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آئیں آپ بھی ماضی کو درست کریں اور ہم بھی درست کرتے ہیں، آئیں میثاق جمہوریت کا حصہ بنیں اور دستخط کریں، اِنہوں نے آدھے گھنٹے میں 55 قانون سازیاں کیں، ایک شخص نے اسپیکر کی کرسی پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، ہمارا ماضی قابل رشک نہیں لیکن درست کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے پاس گئے لیکن عمران خان وزیراعظم تھے تو آپ یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے، یہ عمران خان کے ڈر سے ہمارے ساتھ ملتے بھی نہیں تھے، عمران خان نے سیاست کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا کسی نے نہیں پہنچایا، آئین اور جمہوری روایات کو عمران خان نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، محمود خان اچکزئی ان کے درمیان بیٹھ کر بڑے عجیب لگتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس ایوان میں ہاتھا پائی ہوتی رہی، ہم اور پیپلزپارٹی لڑتے رہے لیکن شہید بی بی اور میان نواز شریف نے احساس کیا اور میثاق جمہوریت پر دستخط کیے، اگر میثاق جمہوریت میں کچھ بہتری لانے کی ضرورت ہے تو آئیں کرتے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئین کی باتیں کرنے والوں نے اسی ایوان میں تحریک عدم اعتماد کے بجائے آرٹیکل 5 استعمال کیا اور اسمبلی تحلیل کر دی لیکن ہم نے میثاق جمہوریت کرکے ماضی کو بھلایا اور آگے بڑھے، آئیں میثاق جمہوریت کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
راجا پرویز اشرف
پی پی پی رکن قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا احترام اپنی جگہ لیکن آپ نے کشمیر کے راولاکوٹ سے متعلق انتہائی غلط بات کی ہے، راولا کوٹ والوں کو کشمیری نہ ماننا یہ کشمیریوں کی توہین ہے، غلطی جس کی بھی مگر بات چیت کی ضرورت ہے۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پی پی پی سے زیادہ کشمیر کا تعلق کس سے ہے، شہید بھٹو نے کہا تھا کشمیر کے لیے ہزار سال تک لڑیں گے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’لواں گے، لواں گے، پورا کشمیر لواں گے۔‘‘
پیپلز پارٹی رکن نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے پرچم میں دفن ہوتے ہیں۔ پاکستان کے وزیر دفاع کی طرف سے کشمیریوں سے متعلق نامناسب الفاظ کہنا کسی صورت قبول نہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل