Saturday, June 27, 2026
 

غیر قانونی سفری انتظامات؛ کراچی ایئرپورٹ پر آذربائیجان جانیوالے 2  مسافر آف لوڈ

 



غیر قانونی سفری انتظامات کے الزام میں کراچی ایئرپورٹ پر آذربائیجان جانیوالے 2  مسافروں کو  آف لوڈ کردیا گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے آذربائیجان جانے والے 2 مسافروں کو مبینہ غیر قانونی سفری انتظامات کے شبہے میں آف لوڈ کر دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر وزٹ ویزے کے ذریعے آذربائیجان جا رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق روکے گئے مسافروں کی شناخت اظہر علی پنہور اور اسد اللہ کے نام سے ہوئی، جو ضلع دادو سندھ کے رہائشی ہیں۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافروں نے بتایا کہ ان کا رابطہ پہلے سلیم نامی شخص سے ہوا، جس نے بعد ازاں انہیں ٹریول ایجنٹس راجہ اور سعید سے متعارف کرایا۔ ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے بتایا کہ سعید نامی شخص آذربائیجان میں مقیم ہے، جبکہ راجہ نامی ایجنٹ نے 4 افراد کو وزٹ ویزے پر آذربائیجان بھجوانے اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبے میں ملازمت دلوانے کے عوض 18 لاکھ روپے طلب کیے تھے، جن میں سے ابتدائی طور پر 14 لاکھ روپے ادا کیے جا چکے تھے۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ تمام ملوث افراد کی شناخت، مالی لین دین کی تصدیق اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل