Saturday, June 27, 2026
 

بھارتی جیل میں انتقال کرنیوالے 5 سال سے قید ماہی گیر کی کراچی میں تدفین

 



بھارتی جیل میں 5 برس سے قید کے دوران انتقال کرجانے والے ماہی گیر کی میت کراچی منتقل کی گئی، جہاں اسے مواچھ گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ ہفتہ کے روز بدر گراونڈ کیماڑی میں ادا کی گئی جس میں اہلخانہ عزیز واقارب واہل علاقہ نے شرکت کی۔ مرحوم ماہی گیر کے داماد عبدالغنی نے بتایا کہ ان کے سسر 75 سالہ اسماعیل ولد ابراہیم ماہی گیر تھے۔وہ 2021 میں مچھلیاں پکڑنے کے لیے لانچ پر سمندر میں گئے، جہاں بھارتی بحریہ نے اس لانچ کو پکڑلیااور اس پر موجود ماہی گیروں کو جیل میں منتقل کردیا گیا ۔ دوران قید ماہی گیر اسماعیل انتقال کرگئے۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر ان کی وجہ موت طبعی معلوم ہوتی ہے، تاہم وہ شوگر کے مریض تھے۔ان کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی۔جہاں سے ایدھی فاؤنڈیشن کی کوششوں سے فلائٹ کے ذریعے لاہور سے کراچی منتقل کی گئی۔ کراچی ائیر پورٹ سے مرحوم ماہی گیر کی میت ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کیماڑی منتقل کی گئی جہاں اہلخانہ شدت غم سے نڈھال تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم کا ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں ہیں۔بیٹا معذور ہے۔ ترجمان کوسٹل میڈیا سینٹر کمال شاہ نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی کے آبادیوں کے  80 ماہی گیر بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل