Monday, July 13, 2026
 

’لنڈسے گراہم کی پوری شخصیت شر انگیزی تھی‘ امریکی سینیٹر کی موت پر ایران کا سخت بیان

 



تہران: امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی 71 برس کی عمر میں اچانک موت کے بعد ایران نے ان کے بارے میں سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام ایسے شخص پر سوگ نہیں منا سکتے جس کی پوری سیاسی سوچ جارحیت اور دھمکیوں پر مبنی تھی۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں کہا کہ لنڈسے گراہم ایران کے خلاف سخت مؤقف رکھنے اور جنگی پالیسیوں کی حمایت کرنے کے حوالے سے مشہور تھے۔ بقائی نے کہا، ’ہمارے عوام ایسے شخص پر غم کا اظہار نہیں کر سکتے جس کا نظریہ زندگی جارحیت، دباؤ اور دھمکیوں پر مبنی تھا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ان کی پوری شخصیت شر انگیزی اور دشمنی کی عکاس تھی۔‘ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل امریکی میڈیا نے سینیٹر لنڈسے گراہم کی اچانک وفات کی اطلاع دی تھی۔ گراہم امریکی سیاست میں ریپبلکن پارٹی کے نمایاں رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور ایران، اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرنے کے لیے جانے جاتے تھے۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے بعض اینکرز نے بھی اتوار کو نشر ہونے والے پروگراموں میں لنڈسے گراہم کی موت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں تہران کا یہ سخت ردعمل دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی تناؤ کی عکاسی کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات پر مزید اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل