Friday, July 17, 2026
 

ایران کے کویت میں متعدد مقامات پر حملے، بجلی اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچنے کی تصدیق

 



کویت سٹی: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں متعدد فوجی مقامات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ کویتی حکومت نے ایک بجلی اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پلانٹ (ڈی سیلینیشن پلانٹ) پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اس سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ حملوں کے دوران امریکی فوج اور اسرائیل کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق کارروائی میں ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم لانچرز اور میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ آئی آر جی سی نے مزید کہا کہ امریکا کے خلاف جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب کویت کی وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی نے تصدیق کی کہ ایک حملے میں بجلی گھر اور پانی صاف کرنے والے پلانٹ کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور بجلی پیدا کرنے والے متعدد یونٹس متاثر ہوئے۔ وزارت کے مطابق امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا ہے، جبکہ ماہرین نقصان کا جائزہ لینے اور پلانٹ کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کویتی حکام نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 90 فیصد پینے کا پانی سمندری پانی کو صاف کر کے حاصل کیا جاتا ہے اس لیے ڈی سیلینیشن پلانٹس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عوامی زندگی اور پانی کی فراہمی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ تاحال کویتی حکومت نے ایرانی دعوے میں بیان کیے گئے دیگر فوجی اہداف کی تباہی کی تصدیق نہیں کی، جبکہ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے بھی توثیق سامنے نہیں آئی۔ بيان رقم (19) من وزارة الكهرباء والماء والطاقة المتجددة بشأن تعرض محطة للقوى الكهربائية وتقطير المياه للاعتداء.#وزارة_الكهرباء_والماء pic.twitter.com/OJZdFhF5kW — وزارة الكهرباء والماء والطاقة المتجددة ???????? (@mew_kwt) July 17, 2026 یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور خلیجی خطے میں اہم فوجی اور بنیادی تنصیبات پر حملوں کے دعوے اور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل