Friday, July 17, 2026
 

وزیراعظم کی تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلیے کاروبار میں آسانی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

 



وزیراعظم شہباز شریف نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار میں آسانی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملک میں کاروبار کی آسانی  کےلیے اقدامات پر جائزہ اجلاس وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کے پالیسی اقدامات اور آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے نفاذ میں تیزی لائی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے اقدامات کی افادیت اور نفاذ کی جانچ کے لیے بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہباز شریف نے ہدایات جاری کیں کہ کاروبار میں آسانی کے لیے پالیسی اقدامات کے نفاذ پر جامع رپورٹ مرتب کرکے جلد پیش کی جائے۔  انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کے لیے قانون و پالیسی سازی پر وزرات قانون و انصاف، ایس آئی ایف سی، سرمایہ کاری بورڈ، وزارت کامرس، وزارت صنعت اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر اجلاس کو حکومتی اقدامات کے نفاذ پر جائرے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں کاروبار میں آسانی کے لیے مختلف ضوابط اور کاغذی کارروائیوں و منظوریوں کو کم کرنے کے حوالے سے 558 اصلاحات پر کام مکمل ہو چکا جس میں سے 71 پالیسی اقدامات کا نفاذ ہو چکا جبکہ  272 کے نفاذ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 7 مرحلوں میں مختلف شعبوں میں ان کا نفاذ کیا جارہا ہے۔ ان اقدامات کی بدولت کاروباری برادری کو مختلف ضابطوں و شرائط پر خرچ ہونے والی بچت کی رقم کا تخمینہ 468.7 ارب روپے ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ غیر ضروری و پیچیدہ کاغذی کارروائی اور ضوابط کے خاتمے سے برآمدات میں اضافہ، براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے افسران کی کارکردگی کی جانچ میں ان کی جانب سے کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے نفاذ اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع کو کلیدی اہمیت دی جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، قیصر احمد شیخ، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شعبے کے ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل