Friday, July 17, 2026
 

ملک کے بیشتر علاقوں میں 19 جولائی سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

 



نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے نئے سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ 20 جولائی سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔ سسٹم کے باعث 19 سے 25 جولائی کے دوران آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، دادو اور جیکب آباد میں 20 سے 24 جولائی کے دوران کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی سے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل