Friday, July 17, 2026
 

گٹکا و ماوا سپلائی کرنے دو مجرموں کو تین تین سال قید کا حکم

 



جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے گٹکا اور ماوا کی ترسیل اور برآمدگی کیس میں ملزمان کو 3، 3 سال قید و جرمانے کی سزا سنادی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے گٹکا اور ماوا کی ترسیل اور برآمدگی کیس کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے دو ملزمان اکبر اور عبد الغفور کو 3، 3 سال قید سنادی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ کیمیکل رپورٹ کے مطابق برآمد شدہ مواد انسانی صحت کے لیے مضر ہے، برآمد گٹکا اور ماوا کینسر جیسے موذی امراض کا سبب بن سکتا ہے، پولیس گواہوں کے بیانات میں کوئی مؤثر تضاد سامنے نہیں آیا، استغاثہ کے شواہد قابل اعتماد اور ناقابل تردید ہیں جھوٹے مقدمے کا دفاعی مؤقف کسی ثبوت سے ثابت نہیں ہوا اس لیے دونوں ملزمان پر 2، 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں 6 ماہ قید کی سزا مزید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے برآمد گٹکا اور ماوا قانون کے مطابق تلف کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ملزمان کی ضمانت منسوخ کرکے فوری جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ پراسیکیوٹر رضوانہ نے موقف اپنایا تھا کہ ملزمان مضر صحت اشیا کی ترسیل اور فروخت میں ملوث تھے۔ پولیس نے جمعہ بلوچ روڈ لیاری سے 2 ملزمان کے قبضے سے گٹکا اور ماوا کی بڑی کھیپ برآمد کی تھی۔ ملزم اکبر علی سے 225 جبکہ عبدالغفور سے 150 ماوا و گٹکا پڑیاں برآمد ہوئیں۔ برآمد مواد فروخت کی غرض سے رکھا گیا تھا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف تھانہ کلری میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل