Loading
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جس میں اہم منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لیا گوٹیریز نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے بینک کی وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کیے۔
بعد ازاں ایشیائی ترقیاتی بینک میں تعینات پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نشیطہ محسن نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، جس میں بینک کے اعلیٰ عہدوں پر فائز پاکستانی پیشہ ور ماہرین نے بھی شرکت کی۔
اس ملاقات کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کے بدلتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے، پاکستان کے ساتھ شراکت داری، مختلف شعبوں اور خطوں میں بینک کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستانی ماہرین کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بینک کے مشن کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان ماہرین کی قیادت اور مہارت پاکستان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے نشیطہ محسن کو ایشیائی ترقیاتی بینک میں پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور بینک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم نے مین لائن-1 منصوبے کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے ایم ایل ون منصوبے میں اے ڈی بی کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے منظوری اور عملدرآمد کے مراحل کو تیز کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر اے ڈی بی نے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بینک حکام نے کہا کہ ایم ایل-1 منصوبہ پاکستان کے ریلوے نظام کو جدید بنانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ میں ایک انقلابی کردار ادا کرے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل