Wednesday, July 22, 2026
 

آبنائے ہرمز میں حملہ ہوا تو ایران کے پل اور بجلی گھر تباہ کریں گے؛ ٹرمپ کی نئی دھمکی

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت فوجی کارروائی کی اپنے روایتی انداز میں دھمکی دی ہے۔ یہ نئی دھمکی امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں دی۔ انھوں نے ایران کو متنبہ کیا کہ آبنائے ہرمز پر حملہ کرنے سے باز رہے۔  امریکی صدر نے کہا کہ اب اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں کسی جہاز پر میزائل، راکٹ، ڈرون یا کسی بھی ہتھیار سے حملہ کرے گا تو امریکا ایران کی جن تنصیبات کو نشانہ بنائے گا اُن میں تہران کے قریب موجود پل اور بجلی گھر بھی شامل ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے، تجارتی جہازوں پر حملے کرنے یا سمندری گزرگاہ کو غیر محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی تو امریکا فوری اور بھرپور فوجی جواب دے گا۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز ہی اپنے ایک اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ امریکا جلد ہی ایران کے جوہری مرکز نطنز کے اُس پہاڑ کو نشانہ بنائے گا جہاں مبینہ طور پر ایران نے اپنے جدید یورینیم افزودگی کے سینٹری فیوجز منتقل کیے ہیں۔  امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے اور اس میں جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اُٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے دنیا کی تیل کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے تاہم ایران نے اس آبی گزرگاہ کو بند کر رکھا ہے جس سے تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل