Loading
روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر پٹرول پمپس اونر ایسوسی ایشن کی کال پر ہڑتال کے باعث کراچی، لاہور اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں متعدد پمپس بند ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس بند ہیں، لاہور سمیت آس پاس کے علاقوں کے 150 سے زائد پیٹرول پمپس بند ہیں جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسی طرح سے کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی پمپ بند ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، دوسری جانب خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال شروع کر دی، جس کے باعث صوبے بھر میں متعدد پیٹرول پمپ مکمل یا جزوی طور پر بند ہیں۔
مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع دیر لوئر، اپر دیر، چترال، باجوڑ، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور بونیر میں پیٹرول پمپ مالکان کی ہڑتال جاری ہے، جس کے باعث تمام چھوٹے اور بڑے پیٹرول پمپ گزشتہ رات سے بند ہیں۔
پیٹرول پمپوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی معطل ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ برادری اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہڑتال کے نتیجے میں سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا فارمولا ختم کرے، جبکہ گزشتہ آٹھ سال سے پیٹرول پمپ مالکان کا مارجن نہ بڑھانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
پیٹرولیم ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری بہزاد الرحمن نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور پیٹرول پمپوں کی بندش جاری رہے گی۔
انہوں نے حکومت سے فوری مذاکرات اور مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول پمپوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور پیٹرول کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل