Loading
عمان/کویت سٹی: اردن اور کویت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا، جبکہ ایران کی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا ہدف دونوں ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات تھیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اردن کی مسلح افواج نے بتایا کہ بدھ کی صبح ایران کی جانب سے داغے گئے تین میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا، جبکہ ایک میزائل غیر آباد علاقے میں گر گیا۔
اردنی فوج کے مطابق گزشتہ رات بھی فضائی دفاعی نظام نے ایران کے چھ ڈرونز کو مار گرایا۔ فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا مالی نقصان رپورٹ ہوا۔
دوسری جانب کویت کی فوج نے بھی اعلان کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے رات کے وقت دشمن ڈرونز کے خطرے کا بروقت جواب دیتے ہوئے انہیں روک دیا۔ تاہم فوج نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان ڈرونز کا اصل ہدف کیا تھا۔
ادھر ایران کی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے اپنے الگ الگ بیانات میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اردن اور کویت میں موجود امریکی فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکا کی حالیہ فوجی سرگرمیوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔
تاہم اردن، کویت یا امریکا کی جانب سے ایران کے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی حملوں اور ممکنہ نقصانات کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں فضائی دفاعی نظام مسلسل ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ صورتحال عالمی سلامتی اور توانائی کی ترسیل کے لیے بھی تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل