Friday, July 24, 2026
 

مولانا کو حصہ نہیں ملا اس لیے غصے میں ہیں، جب بھی الیکشن لڑا انہیں شکست دی، علی امین گنڈاپور

 



خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو حصہ نہیں ملا اسی وجہ سے وہ غصے میں ہیں جبکہ پشین سے فارم 47 کے ذریعے منتخب ہوئے ہیں لیکن جب بھی ان کے خلاف الیکشن لڑا انہیں شکست دی ہے۔ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف جب بھی الیکشن لڑا، انہیں شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا پوری قوم کے ہیں اور ان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، مولانا شہدا سے متعلق بیان واپس لیں اور سیاست میں شہدا کو نہ لائیں، شہدا ہم سب کے ہیں اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فورسز کے علاوہ عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں، مولانا کے والد بھی انگریز کی فوج میں حوالدار تھے۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مولانا کو حصہ نہیں ملا، اسی وجہ سے وہ غصے میں ہیں، مولانا کو عوام نے مسترد کیا اب وہ اپنا غصہ شہدا پر نہ نکالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا خود پشین سے فارم 47 کے ذریعے آئے ہیں، شہدا کی 1200 کنال زمین مولانا نے جی ایچ کیو سے منتقل کرائی حالانکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی کو جی ایچ کیو سے زمین منتقل نہیں ہوئی لیکن مولانا نے بلیک میل کرکے حاصل کی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آئینی و قانونی حقوق فوری فراہم کیے جائیں، عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی ریاست کی زیادتی ہے، عدالتوں سے انصاف کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی نورا کشتی چل رہی ہے۔ پڑوسی ممالک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت ہی مسئلے کا حل ہے، مودی پاکستان دشمن بیانیے پر سیاست کرتا ہے تاہم پاکستان نے بھارت کو مؤثر جواب دیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل