Friday, July 24, 2026
 

پشاور؛ حسن خیل میں دہشت گردوں کا کواڈ کاپڑ سے پولیس چوکی پر حملہ، تین اہلکار زخمی

 



پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں نے سپینہ ویلہ پولیس چوکی پر کواڈ کاپٹر (ڈرون) کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حملے میں دہشت گردوں نے جدید طرز کا کواڈ کاپٹر استعمال کیا، جس کے ذریعے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا گیا، واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔ مزید بتایا گیا کہ زخمیوں میں کانسٹیبل نیاز امین، کانسٹیبل داؤد اور کانسٹیبل ضیا اللہ شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور معالجین کو زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس بہادر اور فرض شناس اہلکاروں پر مشتمل فورس ہے، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی دہشت گردوں نے حسن خیل تھانے پر حملے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل