Monday, August 03, 2026
 

فلسطین کے لیے ماہرہ خان کی بڑی کاوش، برطانیہ میں لاکھوں پاؤنڈز کا عطیہ جمع کرلیا

 



پاکستانی شوبز انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے فلسطینی عوام کی امداد کے لیے ایک اہم فلاحی مہم کے دوران برطانیہ میں ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے 6 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) جمع کرکے انسانی ہمدردی کی ایک اور مثال قائم کر دی۔ ماہرہ خان، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی اداکاری کے باعث پہچانی جاتی ہیں، گزشتہ دنوں مختلف تقریبات میں شرکت کے لیے برطانیہ میں موجود تھیں۔ اس دوران انہوں نے مداحوں سے ملاقاتوں (Meet & Greet) کے خصوصی سیشنز کا بھی اہتمام کیا، جہاں سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی فلسطین کے لیے مختص کردی گئی۔ اداکارہ ان تقریبات میں دو مختلف دلکش انداز میں نظر آئیں اور ان کے مداحوں نے بھی بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے امدادی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ منتظمین کے مطابق ان تقریبات کے ذریعے مجموعی طور پر 180,000 پاؤنڈ جمع کیے گئے، جو فلسطینی متاثرین کی امداد کے لیے عطیہ کر دیے گئے ہیں۔ برطانیہ میں ان فلاحی تقریبات کے میزبان ہارون رشید نے بھی سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اداکارہ نے نہ صرف اس مہم میں بھرپور دلچسپی لی بلکہ فلسطین کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد جمع کرنے کی کوشش بھی کی۔ ماہرہ خان اس سے قبل بھی فلسطین کے معاملے پر کھل کر اظہارِ یکجہتی کرتی رہی ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر غزہ کے متاثرین کے حق میں آواز بلند کر چکی ہیں اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کرتی رہی ہیں۔ اداکارہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کی خیرسگالی سفیر بھی ہیں اور مختلف سماجی و انسانی فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ ماہرہ خان کی اس حالیہ کاوش کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب سراہا۔ متعدد مداحوں نے ان کی انسان دوستی اور فلاحی جذبے کی تعریف کرتے ہوئے اسے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل