Loading
اداکار شجاع اسد نے کراچی کے نوجوان میر رضا کے قتل کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے انصاف کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔ اداکار نے کراچی میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی انصاف کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
میر رضا کراچی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان کاروباری تھے، جنہوں نے ’وافلکس‘ (Wafflix) کے نام سے ڈیزرٹ برانڈ قائم کیا تھا۔ وہ کم عمری میں کاروباری دنیا میں اپنی شناخت بنا رہے تھے، تاہم چند روز قبل انہیں کراچی سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔ بعد ازاں ان کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد ہوئی، جس کے بعد شہر بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
شجاع اسد بہادرآباد میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر معروف یوٹیوبر اذلان شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
احتجاج کے دوران شجاع اسد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب مشہور شخصیات کے معاملات میں فوری کارروائی کی جاتی ہے، جبکہ ایک نوجوان شہری کو بچانے میں ناکامی پر سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم کے کتے کی بازیابی کےلیے ادارے متحرک تھے، مگر میر رضا کو نہ بچایا جا سکا۔
View this post on Instagram
اداکار نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہ رہیں بلکہ انصاف کے لیے ہونے والے احتجاج کا حصہ بنیں تاکہ ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
شجاع اسد کے اس مؤقف کو سوشل میڈیا پر بھی بھرپور پذیرائی ملی۔ متعدد صارفین نے ان کے جرأت مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی کے نوجوان محفوظ مستقبل کے مستحق ہیں، جبکہ کئی مداحوں نے انصاف کے مطالبے میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل