Friday, August 07, 2026
 

وزیراعظم سے کوئی شکایت نہیں اصل لڑائی ان کے اپنے خاندان کے درمیان ہے، بلاول

 



چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے وزیراعظم سے کوئی شکایت نہیں اصل لڑائی کچھ اور ہے یہ ان کے خاندان کا مسئلہ ہے وہ لڑنا چاہتے ہیں تو لڑیں۔ آزاد کشمیر باغ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا ایک خاص حصہ ایسا ہے جو ن لیگ کے مںصوبے ناکام کراتا ہے، وہ اپوزیشن سمیت اتحادیوں سے بھی لڑانا چاہتا ہے، میں آپ کا اتحادی ہوں اسلام آباد میں بیٹھا ہوں یہ کیا بات ہے میرے ووٹ چوری کیے جائیں، کارکن کو شہید کیا جائے، میرے ایم این اے کے بازو میں گولی ماری جائے، آزاد کشمیر کے صدر پر حملہ ہو، یہ تو کوئی اتحاد نہیں، آخر مسئلہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم سے کوئی شکایت نہیں، ن لیگ اور پی پی کی لڑائی تو ہوتی رہتی ہے اصل لڑائی کچھ اور ہے، اصل لڑائی تو اسلام آباد اور لاہور کی ہے یہ ان کے خاندان کا اپنا مسئلہ ہے وہ لڑنا چاہتے ہیں تو لڑیں، وزیراعظم کے اردگرد موجود لوگوں کی نیت صاف نہیں،  ن لیگ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور یہ گنتی پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی ان کے اپنے لوگوں نے شروع کروائی،  جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی انہیں خود یقین نہیں۔  بلاول نے کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پچاس دن تک انٹرنیٹ بند ہو، کشمیر کی تاریخ میں اتنا سخت وقت کبھی نہیں دیکھا، حکومت اور احتجاج کرنے والوں سے تعلق نہیں بس چاہتے ہیں عوام کو حقوق ملیں، مشکل وقت کا بوجھ پونچھ ڈویژن کے عوام اٹھا رہے ہیں۔  نئے صوبوں کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ یہ تجویز اس وقت ہوگی جب آپ کے پاس بنیادی حقوق موجود ہوں، جو ملک اپنے عوام پر بھروسا نہ کرے تو عوام ان پر کیسے بھروسا کرے گی؟ یہ نظام ناکام نہیں ہوا سے ناکام کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک ہے تو الیکشن بھی ایک ہی دن ہونے چاہیے تھے تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ چھ مرحلوں میں الیکشن ہوئے، میں عوام کو چوری شدہ الیکشن واپس دلاؤں گا، ن لیگ کی غلط فہمی کے وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنالے گی، یہ نہ ٹروتھ کمیشن بنانے کو تیار ہیں اور نہ شفاف الیکشن کے لیے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر ہم سے لڑائی چھیڑنی ہے تو چھیڑیں میں تو چاہوں گا ہمیں اس حکومت کے سے آزاد کریں میں اگر اپوزیشن میں ہوتا تو انہیں لگ پتا جاتا، ن لیگ ووٹ کی عزت کرے جس کا ووٹ ہے اس کو پہنچے، ہمیں یہ دھاندلی اور خونی الیکشن نامنظور ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل