Sunday, August 09, 2026
 

کراچی ایئرپورٹ پر مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان برآمد

 



پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ارائیول پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے مسافر کے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کا الیکٹرانک سامان برآمد کر لیا۔ کسٹمز حکام کے مطابق دبئی سے آنے والی پرواز ایف زیڈ 335 کے مسافر کے سامان کو شک کی بنیاد پر اسکیننگ مشین سے گزارا گیا، جہاں مشکوک اشیاء کی نشاندہی ہوئی۔ بعد ازاں سامان کو ریڈ چینل منتقل کر کے تفصیلی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران 29 کیمرے اور 5 کیمرہ لینس برآمد کیے گئے جبکہ 10 فٹنس بینڈز سمیت دیگر الیکٹرانک اشیاء بھی سامان سے نکلیں۔ حکام کے مطابق مسافر کے سامان سے برآمد ہونے والے قابلِ ڈیوٹی و ٹیکس 19 ڈیجیٹل کیمرے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً 55 لاکھ روپے ہے۔ تمام سامان کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے، مسافر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل