Saturday, August 08, 2026
 

جاپان میں زلزلے سے لرزتے آپریشن تھیٹر میں طبی عملہ مریض کی ڈھال بن گیا؛ ویڈیو وائرل

 



جاپان میں 6.8 شدت کے شدید زلزلے کے دوران بھی ایک لرزتے آپریشن تھیٹر میں چار مریضوں کے آپریشن جاری تھے جنھیں طبی عملے نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر مکمل کیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں 28 جولائی آنے والے زلزلے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن رہی ہے جس نے طبی عملے کی ہمت اور مہارت کو اجاگر کردیا۔ یہ واقعہ جنوبی جزیرے کیوشو کے کُماموتو میں پیش آیا جہاں اسپتال کی عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے لرزنے لگی اور آپریشن تھیٹر میں مریض کا بستر اور آلات بری برح ہلنے جلنے لگے تھے۔ اس دوران طبی عملے نے بے ہوش مریض کو تنہا اور بے یار و مددگار چھوڑنے کے بجائے بستر کو تھام لیا اور مریض کے گرد جمع ہو کر اسے اپنے جسم سے ڈھانپ لیا جب کہ گرتے پڑتے آلات کو پکڑ لیا تاکہ مریض کو چوٹ نہ آئے۔ اس دوران کئی سیکنڈز تک آپریشن تھیٹر گویا ہچکولے کھاتا رہا تھا۔ فوٹیج میں سرجری کرنے والے ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ اچانک آنے والے زلزلے کے باوجود آپریشن ٹیبل پر موجود مریض کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایک ڈاکٹر نے ہنگامی راستے کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی جبکہ باقی عملہ مریض کے گرد موجود رہا اور زلزلے کے شدید جھٹکوں کے دوران اسے تحفظ فراہم کرتا رہا۔ چاروں آپریشن مکمل کیے گئے اسپتال انتظامیہ کے مطابق زلزلہ آنے کے وقت وہاں چار آپریشن جاری تھے۔ شدید جھٹکوں اور آپریشن تھیٹر میں پیدا ہونے والی افراتفری کے باوجود طبی عملے نے تمام چاروں سرجریز مکمل کیں۔ آپریشن تھیٹر کی فوٹیج میں واضح ہوتا ہے کہ طبی عملہ بھی زلزلے کے براہِ راست خطرے میں تھا، لیکن اس کے باوجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے نے سب سے پہلے آپریشن کے مریض کی حفاظت کو ترجیح دی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل