Loading
موٹر وے ایم ٹو پر شدید بارش کے دوران ٹریفک حادثے میں مسافر بس سمیت متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق موٹر وے ایم ٹو کیپٹل اسمارٹ سٹی کے قریب راولپنڈی سے لاہور جانے والی مسافر بس ٹرالر کو اوور ٹیک کرنے کے دوران اپنی لین میں واپس آتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر شاہراہ کے ہارڈ شولڈر کے ساتھ ڈیچ میں گر کر الٹ گئی جس کے عقب میں آنے والا ٹرالر اور پیچھے آنے والی ڈبل کیبن گاڑی سمیت متعد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں شمس الرحمان نامی اٹک سے تعلق رکھنے والا شخص اور سعدیہ نامی خاتون جاں بحق ہوگئے اور متعدد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور امدادی کاروائیاں کرکے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 راولپنڈی انجینیر صبغت اللّٰہ کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 36 افراد متاثر ہوئے، 25 زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں سے 22 زخمی پمز، 3 شفا اسپتال منتقل کیے گیے اسی طرح 10 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کرکے فارغ کردیا گیا۔
حادثے میں شمس الرحمان نامی شخص جاں بحق ہوا جسکی لاش ڈی ایچ کیو راولپنڈی کے منتقل کردی گئی، ادھر پمز میں زیر علاج حادثے کی زخمی 55 سالہ خاتون سعدیہ عزیز بھی دم توڑ گئی۔
موٹر وے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ شدید بارش کے دوران پھسلن اور بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہونے کے باعث پیش آیا تاہم حتمی صورتحال تحقیقات مکمل ہونے پر واضح ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل