Monday, August 17, 2026
 

غلط شناخت نے بھارتی اداکارہ کو پریشان کردیا، گرفتاری کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل

 



بھارتی اداکارہ انترا بینرجی اس وقت شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئیں جب ایک غلط شناخت کے باعث ٹرین میں ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکار پر بلیڈ سے حملے اور گرفتاری کی خبر ان کے نام اور تصویر کے ساتھ سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔ اداکارہ کے مطابق انہیں اس معاملے کا اندازہ اتوار کی صبح اس وقت ہوا جب وہ جم جانے کے لیے نکل رہی تھیں۔ انہیں پہلی فون کال اسی حوالے سے موصول ہوئی، جس کے بعد دن بھر فون کالز کا سلسلہ جاری رہا اور ان کے مطابق انہیں 400 سے زائد کالز آئیں۔ انترا کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل اپنے اہل خانہ اور دیگر جاننے والوں کو بتانا پڑا کہ خبر میں جس خاتون کا ذکر کیا گیا ہے، وہ وہ نہیں ہیں۔ انترا بینرجی نے بتایا کہ صبح کے وقت ایک آن لائن خبر میں ان کا نام استعمال کیا گیا، تاہم رات تک یہی خبر ان کی تصویر کے ساتھ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگی۔ یوں ایک غلط شناخت نے دیکھتے ہی دیکھتے ان کی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی کو متاثر کرنا شروع کردیا۔ دراصل یہ معاملہ اداکارہ کا نہیں بلکہ انترا سوہَم بینرجی نامی ایک خاتون کا تھا۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ خاتون کو 12 اگست کو ٹرین میں ریلوے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مبینہ جھگڑے اور بعد ازاں بلیڈ سے حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ واقعے پر ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔ اداکارہ نے بتایا کہ جب ایف آئی آر کی تفصیلات سامنے آئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کا نام اور مبینہ ملزمہ کا نام ہجے کے اعتبار سے مختلف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملزمہ کے والد کا نام سوہَم ہے جبکہ ان کے والد کا نام سبرتا بینرجی ہے۔ اسی طرح دونوں خواتین کے رہائشی پتے بھی مختلف ہیں۔ اداکارہ جوگیشوری، اندھیری ویسٹ میں رہتی ہیں، جبکہ ایف آئی آر میں درج خاتون کا پتہ تھانے کا بتایا گیا ہے۔ انترا نے سوال اٹھایا کہ کسی خبر میں کسی فرد کا نام اور تصویر شامل کرنے سے قبل مناسب تصدیق کیوں نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافتی معلومات کی جانچ کے بغیر ایسی غلطی کسی بھی شخص کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اداکارہ کے مطابق وہ اس معاملے کو درست کروانے کے لیے متعلقہ افراد سے رابطے میں ہیں اور اپنی ساکھ کے تحفظ کے لیے باقاعدہ شکایت درج کرانے کے ساتھ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے پر بھی غور کررہی ہیں۔ انترا چاہتی ہیں کہ غلط خبر فوری طور پر ہٹائی جائے یا کم از کم واضح تردید اور وضاحت جاری کی جائے تاکہ لوگوں کو حقیقت کا علم ہوسکے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا کے دور میں ایک غلط خبر انتہائی تیزی سے پھیلتی ہے اور اس کے اثرات کو ختم کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں انہیں اپنی شہرت سے زیادہ اپنے والدین کی فکر ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ غلط معلومات ان کے خاندان کے لیے پریشانی کا باعث بننے کے ساتھ ان کی پیشہ ورانہ ساکھ کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ انترا بینرجی ’بدھو بہو‘ اور ’کسوٹی زندگی کی‘ جیسے معروف بھارتی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل