Monday, August 17, 2026
 

پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھال لی

 



پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھال لی۔ وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری برائے آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ و ترجمان وزارت خارجہ سفیر طاہر حسین اندربی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کی۔ پاکستان کانفرنس کے 2026 کے اجلاس کی آخری صدارت کر رہا ہے جس میں کانفرنس رواں سال کی کارروائی مکمل کرے گی۔ صدارت کے دوران پاکستان کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں متعلقہ قرارداد پر مذاکرات کی رہنمائی کرے گا۔ وزارت خارجہ کے مطابق سفیر طاہر حسین اندربی نے پاکستان کی صدارت سنبھالنے کے بعد مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے 2026 کے دوران کانفرنس کی سابق صدارتوں کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کی اور علاقائی گروپوں کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی۔ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں تخفیف اسلحہ اور کنٹرول سے متعلق معاہدوں پرمذاکرات ہوتے ہیں۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں قائم کانفرنس کے 65 رکن ممالک ہیں، جن میں تمام جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں۔ کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، جوہری جنگ کی روک تھام اور خلا کو ہتھیاروں سے پاک رکھنے سمیت عالمی سلامتی سے متعلق اہم امور شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق کانفرنس اور اس سے قبل کام کرنے والے اداروں نے عالمی سلامتی کے ڈھانچے سے متعلق اہم معاہدوں میں کردار ادا کیا، جن میں حیاتیاتی ہتھیاروں کا کنونشن، کیمیائی ہتھیاروں کا کنونشن اور جامع جوہری تجربات پر پابندی کا معاہدہ شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے موجودہ اہم عالمی صورتحال میں کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی صدارت سنبھالنے کو عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد اور کثیرالجہتی آرمز کنٹرول و تخفیف اسلحہ سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق صدارت پاکستان کو عالمی سطح پر آرمز کنٹرول، تخفیف اسلحہ، امن و سلامتی سے متعلق مباحث میں مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل