Thursday, August 20, 2026
 

کراچی؛ بوری میں بند 7سالہ بچی کی لاش کی شناخت نہ ہو سکی، امانتاً تدفین کر دی گئی

 



لانڈھی اسپتال چورنگی مہران ہائیوے شادی ہال کے قریب نالے سے 6 سے 7 سالہ بچی کی کئی روز پرانی لاش ملنے کا مقدمہ اغوا، قتل، جرم اور شناخت چھپانے کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا، مقتولہ بچی کی تاحال کوئی شناخت نہیں ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد تھانے کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی مہران ہائیوے شادی ہال کے قریب نالے سے 6 سے 7 سالہ بچی کی کئی روز پرانی بوری میں بند لاش ملی تھی، بچی کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 26/738 بجرم دفعات 363اے، 302،34/201 کے تحت سرکار مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ بچی کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، مقتولہ بچی کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے، لاش سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزامن کے لیے نمونے محفوظ کر لیے گئے ہیں جنہیں جلد لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔ مقتولہ بچی کی لاش کو تین روز کے لیے سرد خانے میں امانتاً رکھوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم لاش کی حالت ایسی نہیں تھی کہ اسکو سرد خانے رکھا جائے، رات گئے ریسکیو ادارے کو کہہ دیا تھا کہ امانتاً تدفین کر دیں۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل