Sunday, August 30, 2026
 

مریم نواز کی دورہ چین کے دوران معروف چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کلاؤڈ کے وفد سے ملاقات

 



وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورۂ چین کے دوران معروف چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کلاؤڈ کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علی بابا کلاؤڈ گروپ نے پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ علی بابا کلاؤڈ کے حکام نے پنجاب میں مصنوعی ذہانت پر مبنی گورننس کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں زراعت، صحت، سماجی و معاشی پروگرامز اور موسمیاتی پیش گوئی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت پبلک سروسز کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں گورننس کے نظام کو مصنوعی ذہانت سے مربوط کیا جا رہا ہے اور حکومت کل کی بجائے آج ہی مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا پبلک سیکٹر کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب مصنوعی ذہانت کا ادارہ قائم کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ سرکاری سکولوں کے بچوں کو مصنوعی ذہانت پڑھانے کا خیال بیجنگ کے طلبہ کو دیکھ کر آیا۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت سمیت آئی ٹی ٹیکنالوجی کے شعبے میں چینی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت کے لحاظ سے ملک کا چوتھا بڑا صوبہ ہے اور ڈیجیٹل اکانومی کے معاملے میں قائدانہ حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ساتھ کابینہ ارکان کو بھی مصنوعی ذہانت کی تربیت دی گئی ہے۔ علی بابا کلاؤڈ کے سینئر نائب صدر لی جیا پنگ نے کمپنی کے امور سے متعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ لی جیا پنگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں علی بابا اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کو میڈیا کمپینز اور میڈیکل ٹریننگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ کینسر کی تشخیص اور علاج میں بھی مصنوعی ذہانت معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیٹا سینٹر کے قیام پر بات چیت جاری ہے۔ صوبائی معاون برائے مصنوعی ذہانت علی مصطفیٰ ڈار نے وفد کو پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گریڈ ون سے مصنوعی ذہانت کی تعلیم لازمی قرار دی جا چکی ہے۔ علی مصطفیٰ ڈار کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی، زراعت، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کامیابی سے جاری ہے۔ دورہ چین کے دوران وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی علی بابا کلاؤڈ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر، اے آئی بیسڈ گورننس، صحت، زراعت، تعلیم، سوشو اکنامک پروگرامز اور کلائمیٹ فورکاسٹ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت پبلک سروسز کے لیے اسٹریٹجک شراکت… pic.twitter.com/YtgyUNeMWE — Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 30, 2026  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل