Sunday, August 30, 2026
 

فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، سی ڈی اے اسپتال اور پولی کلینک پر 5 لاکھ روپے جرمانہ

 



فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے فائر سروس نے سی ڈی اے اسپتال اور پولی کلینک اسپتال کی انتظامیہ کو مجموعی طور پر 5 لاکھ روپے کا چالان کردیا۔ سی ڈی اے کے مطابق متعدد نوٹسز کے باوجود دونوں اسپتالوں میں فائر اینڈ لائف سیفٹی سے متعلق نقائص دور نہیں کیے گئے۔ اسپتالوں میں فائر ڈیٹیکشن اینڈ الارم سسٹم اور فائر فائٹنگ سسٹم میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ معائنے کے دوران ایمرجنسی لائٹنگ، ایگزٹ سائن ایج اور اسپتال سے باہر نکلنے کے راستوں سے متعلق بھی نقائص سامنے آئے۔ سی ڈی اے فائر سروس نے اسپتال انتظامیہ کو تمام فائر اینڈ لائف سیفٹی نقائص فوری دور کرنے اور اصلاحی اقدامات مکمل کرکے کمپلائنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ پولی کلینک اسپتال کا فائر سیفٹی اقدامات مکمل ہونے کے بعد دوبارہ معائنہ کیا جائے گا جبکہ دونوں اسپتالوں کو 7 روز کے اندر 5 لاکھ روپے جرمانہ جمع کراکے ادائیگی کا ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پمز میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے کے بعد اسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل