Wednesday, September 02, 2026
 

معروف اداکارہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کا سیاہ چہرہ بے نقاب کردیا

 



بالی ووڈ دولت، شہرت اور پُرتعیش زندگی کی آماج گاہ ہے جہاں دیکھتے ہی دیکھتے فنکاروں کی کایا پلٹ جاتی ہے تاہم اس کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں اور کن دشواریوں سے گزرنا پڑتا ہے، کم ہی لوگ جانتے ہیں۔ اداکارہ رت بھری چکرورتی بھی ایسے ہی کرداروں میں سے ایک ہیں جنھوں نے بھارت کی بنگالی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور کامیابیاں ان کے قدم چومنے لگیں لیکن پھر کچھ ایسا ہوا جس نے ان پر بالی ووڈ کی حقیقت آشکار کردی۔ این ڈی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں اداکارہ رت بھری نے اپنی جسمانی تبدیلی اور فلمی صنعت کے رویوں پر کھل کر بات کی۔ اداکارہ کے بقول سرجریز اور ادویات کے باعث ان کا وزن بڑھا اور پھر ایک کردار کے لیے انھیں مزید 15 کلو وزن بڑھانا پڑا تھا۔ اداکارہ رت بھری کا کہنا تھا کہ وزن بڑھانے پر سوشل میڈیا کے ایک طبقے نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جیسے انہوں نے کسی سے کچھ چھین لیا ہو۔ بنگالی اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ وزن بڑھنے کے بعد انہیں متعدد فلمی کرداروں سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ ایک وقت ایسا بھی آیا کہ خود کو دبلا رکھنے کے لیے وہ انتہائی سخت ڈائٹنگ بھی کرتی رہی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وزن بڑھنے کے بعد انہیں کئی کرداروں سے محروم ہونا پڑا۔ مرد مسلسل دبلی خواتین کو دیکھنا چاہتے ہیں اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اکثر ان کی رائے ہی سب سے اہم رائے بن جاتی ہے۔ اداکارہ رت بھری نے بتایا کہ کیریئر کے ابتدائی دور میں وہ خود بھی کم وزن تھیں اور ایک موقع پر ان کے ڈاکٹر نے مسلسل سرجریز کے لیے وزن بڑھانے کا مشورہ دیا تھا۔ اداکارہ نے ماضی کی اپنی ڈائٹنگ کے بارے میں بھی حیران کن انکشاف کیا کہ وہ کبھی 10 دن تک کاربوہائیڈریٹس سے مکمل پرہیز کرتی تھیں جبکہ شوٹنگ سے قبل تصاویر میں بہتر نظر آنے کے لیے پانی پینا بھی چھوڑ دیتی تھیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ 16 گھنٹے کام کرنے کے بعد بھی وہ ٹریڈمل پر ورزش کرنا نہیں چھوڑتی تھیں تاہم مسلسل سرجریز اور کئی ماہ بستر پر رہنے کے دوران ایسا کرنا ممکن نہیں رہا۔ رت بھری نے بتایا کہ 2024 میں اپنا خوابوں کا گھر خریدنے کے بعد وہ اسے سجانے میں مصروف تھیں۔ ایک روز سیڑھیاں چڑھتے ہوئے انہیں محسوس ہوا کہ ان کی سانس معمول سے زیادہ پھول رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنی طرز زندگی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب وہ گھر میں بھی خود کو متحرک رکھتی ہیں، چھت پر چہل قدمی کرتی ہیں، موسیقی سنتی ہیں اور مسلسل حرکت میں رہنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ادکارہ رت بھری کے بقول وزن کم کرنے کے لیے انہوں نے ماہر غذائیت کی مدد بھی لی، جس کا رابطہ انہیں اداکارہ سبھاشری گنگولی کے ذریعے ملا۔ یاد رہے کہ رت بھری چکرورتی نے ٹی وی شو ’اوگو بودھو سندوری‘ سے شہرت حاصل کی جس کے بعد انہوں نے فلموں کا رخ کیا۔ وہ ’فٹافٹی‘، ’بہورپی‘ اور ’برہما جانے گوپون کوموتی‘ سمیت کئی کامیاب بنگالی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ 2017 میں وہ انوشکا شرما کی مافوق الفطرت فلم ’پری‘ میں بھی اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔ اداکاری کے ساتھ رت بھری نے پروڈکشن اور تحریر کے میدان میں بھی قدم رکھا اور مختصر فلم ’نیکڈ‘ میں اداکاری کے ساتھ اسے پروڈیوس بھی کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل