Thursday, September 03, 2026
 

لاڑکانہ میں 600 بستروں کا جدید اسپتال جولائی 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف

 



لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال جولائی 2028ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت 600 بستروں کے زیرِ تعمیر اسپتال کے منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال جولائی 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کرتے ہوئے بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، پیراگون کنسٹرکٹرز، ای اے کنسلٹنگ، لینگڈن ولسن انٹرنیشنل کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ لاڑکانہ کا جدید اسپتال لاکھوں افراد کو معیاری اور جدید علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 600 بستروں کا اسپتال لاڑکانہ سمیت پورے خطے کے لیے جدید طبی مرکز ثابت ہوگا۔ پیپلز پارٹی حکومت صحت کے شعبے میں تاریخی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ کا 600 بستروں کا اسپتال سندھ کے بڑے صحت منصوبوں میں شامل ہے۔ اسپتال کی 94 فیصد پائلنگ مکمل ہوچکی ہے اور تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اسپتال منصوبے پر 24 گھنٹے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسپتال میں ایمرجنسی، آئی سی یو، جدید آپریشن تھیٹرز اور تشخیصی سہولیات قائم ہوں گی۔ بریفنگ کے مطابق 600 بستروں کے اسپتال میں جدید آئی ٹی سسٹمز اور ڈیجیٹل میڈیکل ریکارڈز کی سہولت بھی ہوگی۔ منصوبے پر اب تک ایک ارب 86 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو اسپتال منصوبے کی رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو حکم دیا کہ لاڑکانہ اسپتال منصوبے میں حائل انتظامی مسائل فوری حل کیے جائیں۔ سید مراد علی شاہ نے اسپتال کی تکمیل کے ساتھ طبی عملے اور آلات کی پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ اسپتال کو عالمی معیار کے مطابق تعمیر اور جدید طبی آلات سے آراستہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل