Thursday, September 03, 2026
 

صوفی اوپیرا گلوکارہ سارہ پیٹر کیلیے ستارۂ امتیاز کے اعلان پر خصوصی تقریب کا انعقاد

 



اوپیرا گلوکارہ اور صوفی اوپیرا کے منفرد میوزیکل انداز کی بانی پاکستانی نژاد برطانوی  سائرہ پیٹر کو ستارۂ امتیاز کے لیے منتخب کیے جانے پر لاہور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے نمائندہ خصوصی کے مطابق تقریب میں موسیقی، فنون لطیفہ اور ثقافتی شعبے سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور سائرہ پیٹر کو قومی اعزاز کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ سائرہ پیٹر نے اس موقع پر حکومت پاکستان اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ستارۂ امتیاز کے لیے انتخاب ان کے فنی سفر کا انتہائی اہم اور یادگار لمحہ ہے۔ ان کے بقول یہ اعزاز صرف ان کی ذاتی خدمات کا اعتراف نہیں بلکہ پاکستان کے بھرپور موسیقی اور ثقافتی ورثے کی بھی پذیرائی ہے۔ تقریب میں معروف موسیقار و کمپوزر نوید ناشاد، معروف نغمہ نگار ظفر فرانسس اور برطانوی میوزک ڈائریکٹر اسٹیفن اسمتھ سمیت موسیقی اور پرفارمنگ آرٹس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے سائرہ پیٹر کی جانب سے پاکستانی موسیقی، شاعری اور صوفیانہ فکر کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوششوں کو سراہا۔ خیال رہے کہ حکومتِ پاکستان نے سائرہ پیٹر کو 2026ء کے سول اعزازات کے لیے منتخب کیا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر جاری کی گئی فہرست میں سائرہ جان پیٹر کا نام بھی شامل تھا۔ کراچی میں پیدا ہونے والی سائرہ پیٹر نے مغربی کلاسیکی موسیقی اور جنوبی ایشیائی کلاسیکی و صوفیانہ موسیقی کو یکجا کرکے اپنی منفرد فنی شناخت قائم کی۔ لندن منتقل ہونے کے بعد سائرہ پیٹر نے مغربی کلاسیکی گائیکی کی تربیت حاصل کی جبکہ برصغیر کی راگ داری سے بھی استفادہ کیا۔ ان کی پرفارمنس میں پاکستانی شاعری، روایتی دھنوں، روحانیت، امن اور ثقافتی ہم آہنگی کے موضوعات نمایاں ہیں۔ سائرہ پیٹر نے پاکستان اور بیرون ملک متعدد اہم ثقافتی اور سفارتی پلیٹ فارمز پر پرفارم کیا جبکہ ایوان صدر سمیت مختلف اہم مقامات پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل