Saturday, September 05, 2026
 

دکی میں قبائلی رہنما سردار اکبر خان ناصر کی زمین پر تعینات تین چوکیدار فائرنگ سے جاں بحق

 



بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے جھالار میں مسلح افراد نے قبائلی رہنما سردار اکبر خان ناصر کی زمین پر تعینات چوکیداروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین چوکیدار جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں غنو ولد خدائیداد، آغا جان اور عزت خان شامل ہیں، جن کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔ تینوں افراد جھالار کے علاقے میں سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر بطور چوکیدار تعینات تھے۔ پولیس کے مطابق حملے کے بعد تینوں جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جہاں ضروری کارروائی جاری ہے۔ ایس پی دکی کے مطابق نادر خان اور بشیر خان نامی دو چوکیدار حملے کے بعد سے لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ جھالار دکی شہر سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر جنوب کی جانب واقع پہاڑی علاقہ ہے، جہاں دشوار گزار جغرافیہ کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جھالار کے علاقے میں اس سے قبل بھی سردار اکبر خان ناصر کی زمینداری پر تعینات چوکیداروں کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور لاپتہ چوکیداروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل