Loading
بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے میوزک ریئلٹی شوز کو فیک قرار دینے والی ساتھی گلوکارہ سنیدھی چوہان کو دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہیں انگور نہیں ملتے انہیں انگور کھٹے ہی لگتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں نیہا ککڑ سے جب میوزک ریئلٹی شوز کے پہلے سے طے شدہ (اسکرپٹڈ) ہونے سے متعلق سوال کیا گیا تو انھوں نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا۔
گلوکارہ نیہا ککڑ نے کہا کہ ان میوزک ریئلٹی پروگرامز میں دکھائے جانے والے جذبات اور امیدواروں کی مشکلات محض اداکاری نہیں ہوتیں۔ یہ کوئی ڈراما نہیں بلکہ حقیقی اور حساس جذبات ہوتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ریئلٹی شوز میں آنے والے زیادہ تر امیدوار چھوٹے شہروں سے تعلق رکھتے ہیں اور کامیابی تک پہنچنے کے لیے کئی مشکلات سے گزرتے ہیں اس لیے ان کی جدوجہد کو محض ایک بنائی ہوئی کہانی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
نیہا ککڑ نے کسی کا نام لیے بغیر طنزیہ انداز میں کہا کہ انگور نہ ملیں تو کھٹے ہیں، جسے انگور نہیں ملتے اسے کھٹے ہی لگتے ہیں۔
ان کا یہ جملہ بظاہر سنیدھی چوہان کے تبصروں کا جواب سمجھا جا رہا ہے کیوں کہ سنیدھی چوہان نے راج شمانی کے پوڈکاسٹ میں ریئلٹی شوز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ آج کے پروگرامز میں ڈراما زیادہ اور حقیقت کم دکھائی جاتی ہے۔
سنیدھی چوہان نے اگرچہ حالیہ میوزک رئیلٹی شوز کو فیک قرار دیا تاہم انھوں نے اپنے ابتدائی ریئلٹی شوز کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انڈین آئیڈل کے ابتدائی دور سے ان کی یادیں اچھی وابستہ ہیں۔
نیہا ککڑ کے تازہ بیان کے بعد دونوں معروف گلوکاراؤں کے درمیان ریئلٹی شوز کی حقیقت اور اسکرپٹڈ مواد پر بحث ایک بار پھر شوبز حلقوں میں موضوعِ گفتگو بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ نیہا ککڑ اور سنیدھی چوہان دونوں ہی بھارتی میوزک ریئلٹی شوز سے طویل عرصے سے وابستہ رہی ہیں۔ نیہا متعدد مقبول سنگنگ شوز میں جج رہ چکی ہیں جبکہ سنیدھی چوہان نے بھی اپنے کیریئر کے ابتدائی برسوں میں ریئلٹی ٹی وی میں بطور جج خدمات انجام دی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل