Friday, September 11, 2026
 

سعودی عرب نے حوثیوں کے حملے کے بعد اہم آئل پائپ لائنز بند کردیں

 



سعودی عرب نے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں آئل پائپ لائن پر حملوں کے بعد ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو حفاظتی اقدام کے طور پر عارضی طور پر بند کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ توانائی نے بتایا کہ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں متعدد حملوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ وزارتِ توانائی کے ایک عہدیدار نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ حملوں کے فوراً بعد ہنگامی اور خصوصی تکنیکی ٹیموں نے پائپ لائن کی حفاظت یقینی بنانے اور اس کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے کام شروع کردیا۔ عہدیدار کے بقول کام مکمل ہونے تک پائپ لائن بند رہے گی۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں منظور شدہ حفاظتی طریقہ کار اور ہنگامی منصوبوں کے تحت ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی تیل پیدا کرنے والے علاقوں سے خام تیل کو بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع تک پہنچاتی ہے اور آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ موجودہ علاقائی کشیدگی میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ وزارتِ توانائی نے پائپ لائن دوبارہ کھولنے کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتایا اور کہا ہے کہ مزید پیش رفت سے مناسب وقت پر آگاہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے جنگ کے بعد ایران نے سعودی عرب میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا جب کہ حوثیوں نے بھی حالیہ دنوں میں متعدد حملوں میں تیل کی تنصیبات کو نشاہ بنایا ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل