Thursday, September 17, 2026
 

کچلاک؛ کم سن بچی کا ضعیف العمر شخص سے مبینہ نکاح، والد گرفتار

 



کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں کم سن بچی کے مبینہ طور پر ایک ضعیف العمر شخص سے نکاح کے معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوٹس لے لیا۔ واقعے کی تمام پہلووٴں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ بچی کے والد عبدالباری کو چمن سے گرفتار کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر چمن حبیب بنگلزئی کے مطابق گرفتار عبدالباری کی حوالگی اور مقدمے کے اندراج کے لیے کوئٹہ پولیس سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعے کی کڑیاں کچلاک میں پیش آنے والے 15 سالہ بچی کے قتل کے واقعے سے ملتی ہیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری سمیت تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مرکزی ملزم سمیت دیگر ممکنہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بچی کے تحفظ اور اسے انصاف کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو موٴثر اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ کم سن بچی سے متعلق معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بلوچستان حکومت بچوں کے حقوق اور تحفظ سے متعلق قوانین پر موٴثر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں کم عمری کی شادی کی روک تھام سے متعلق قانون موجود ہے اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل