Friday, September 18, 2026
 

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے والے افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی ہوگی، آئی جی کے پی

 



پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد لانگ مارچ کے پیش نظر خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کے تمام پولیس یونٹس، کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور، ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کے دفتر سے 18 ستمبر کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کو اسلام آباد کی جانب جانے والے کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں مدد یا سہولت فراہم کرنے کے لیے کسی کے حکم کا پابند نہیں کیا جائے گا جبکہ اگر کسی افسر کو اس نوعیت کا کوئی حکم موصول ہو تو وہ فوری طور پر متعلقہ چیف سیکریٹری، چیف کمشنر، آئی جی پولیس یا متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کرے گا۔ عدالتی ہدایات کے مطابق کسی سرکاری افسر یا اہلکار کو ایسے افراد کو اسلام آباد کی جانب مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی جس کے نتیجے میں شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت، کاروبار، تجارت، تعلیمی اداروں، طبی سہولیات، پرامن اور قانونی طور پر جائیداد کے استعمال پر منفی اثر پڑے۔ آئی جی آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکاری وسائل کے استعمال پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی بھی مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے سرکاری وسائل، عوامی فنڈز، سرکاری گاڑیاں، مشینری یا دیگر آلات براہ راست یا بالواسطہ طور پر استعمال، فراہم یا جمع نہیں کیے جائیں گے۔ اسی طرح کسی سرکاری ملازم کو اسلام آباد کی جانب جانے والی کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت کے لیے مجبور، ترغیب یا کسی اور طریقے سے پابند نہیں کیا جائے گا۔ مراسلے میں آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی سرکاری افسر پر دباؤ یا کسی قسم کی ترغیب کی صورت میں براہ راست رابطے کا مؤثر نظام قائم رکھا جائے، جبکہ عدالتی احکامات یا ان سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ خیبرپختونخوا پولیس نے تمام یونٹ سربراہان، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو حکم دیا ہے کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اپنے ماتحت تمام افسران و اہلکاروں کو بھی ان سے آگاہ کریں۔ پولیس کے مطابق عدالتی ہدایت کے تحت کسی قسم کے جبر یا دباؤ کی شکایت درج کرانے کے لیے ٹول فری پولیس ہیلپ لائن 080000400 اور آپریشنز برانچ کا لینڈ لائن نمبر 0919210457 چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا۔ مراسلے کی نقول رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ، چیف منسٹر خیبرپختونخوا کے دفتر، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل