Monday, September 21, 2026
 

امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود ایران ایئر کی پروازیں جاری رکھنے کا اعلان

 



ایران کی سرکاری فضائی کمپنی ایران ایئر نے امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود عراق کے شہر نجف کے لیے پروازیں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایران ایئر کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران، مشہد اور اصفہان سے عراق کے شہر نجف جانے والی پروازیں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق چلتی رہیں گی۔ ایران ایئر کے اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے امریکی دباؤ کے باوجود نجف کے لیے فضائی رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ نجف وہ اہم مذہبی مرکز ہے جہاں ایران سے ہزاروں زائرین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے مزار پر حاضری کے لیے آتے ہیں۔ اس لیے ایران اور عراق کے درمیان فضائی آمدورفت میں اس روٹ کی خاص اہمیت ہے۔ ایئرلائن کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایرانی فضائی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ بدھ سے ایرانی ایئرلائنز کو عالمی فضائی سفر سے مؤثر طور پر الگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ امریکا نے بیرون ملک ان کمپنیوں اور اداروں کو بھی ثانوی پابندیوں کی دھمکی دی ہے جو ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن، لینڈنگ یا دیگر ضروری سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ امریکی پابندیوں کے ممکنہ نفاذ کے بعد ایرانی طیاروں کو بیرون ملک ایندھن، ہوائی اڈوں کی سہولیات اور دیگر خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، تاہم ایران ایئر نے فی الحال نجف کی پروازوں میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل