Monday, September 21, 2026
 

احسن آباد کے فلیٹ سے ملنے والی لاشوں کی ورثا کی موجودگی میں تدفین

 



کراچی: شہر قائد کے علاقے احسن آباد میں رہائشی عمارت کے فلیٹ سے میاں ، بیوی اور 3 بچوں کی لاشیں ملنے کے افسوسناک واقعے جاں بحق خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ورثا نے وصول کرلیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق احسن آباد کی رہائشی عمارت کے فلیٹ سے گزشتہ روز میاں بیوی اور تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جن کی موت اب تک پُراسرار ہے، متوفین کو ورثا کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والی خاتون مہوش کے والد جمشید اقبال اور جاں بحق ڈاکٹر عمر کے بھائی ابوبکر گزشتہ رات کراچی پہنچ گئے اور ایدھی سرد خانے سے متوفین کی لاشیں وصول کیں۔ اس موقع پر متوفی ڈاکٹر عمر کے بڑے بھائی ابوبکر نے ایدھی سرد خانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں پڑوسیوں اور پولیس کے ذریعے واقعے کا علم ہوا، کچھ خاندانی مسائل کی وجہ سے بھائی کے ساتھ رابطہ نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عمر کی خاندان میں ہی شادی کی گئی تھی اور ہمیں صرف ان کی ایک ہی بیٹی کا علم تھا ، باقی 2 بچوں کے بارے میں ہمیں معلوم نہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہمارا تعلق بہاولنگر کے شہر ہارون آباد سے ہے ، بھائی کراچی میں مقیم تھے ، واقعے کے بعد فیملی مشاروت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ ان کی تدفین ضروری ہے ، میتیں پنجاب لیجانا ہمارے لیے ممکن نہیں ، کنڈیشن دیکھی ہے ہم چاہا رہے ہیں کہ جلد از جلد تدفین کر دی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں متوفی ڈاکٹر عمر کے بھائی ابوبکر نے بتایا کہ واقعے سے متعلق ابھی کچھ بتانا قبل از وقت ہوگا ، پولیس کی تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔  ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا چوہدری نواز نے بتایا کہ میاں ، بیوی اور 3 بچوں کی میتیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ سے سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے قریب سیفل گوٹھ لائی گئیں جہاں متوفین کی نماز جنازہ ادا کی گئی جنھیں بعدازاں نیو کراچی صنعتی ایریا میں قائم صدیق آباد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل