Monday, September 21, 2026
 

یہودی تہوار پر اسرائیلی وزیراعظم، اہلیہ سمیت مسجد اقصیٰ پہنچ گئے؛ ویڈیو بھی وائرل کردی

 



اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے قریب زیر زمین سرنگوں کا دورہ کیا جبکہ قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر سمیت سیکڑوں اسرائیلی شہریوں نے سخت سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہو کر مذہبی رسومات ادا کیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے ہفتے کی شب یوم کپور سے قبل مغربی دیوار پر ہونے والی خصوصی یہودی دعاؤں میں شرکت کی۔ بعد ازاں انھوں نے اپنی اہلیہ سارہ کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کے اطراف موجود سرنگوں کا دورہ کیا اور اس موقع کی ویڈیو بھی جاری کی۔ نیتن یاہو نے ویڈیو میں کہا کہ وہ اپنی تاریخ کی بنیاد کو چھونے کے احساس کے قریب ہیں اور یہاں ہمیشہ موجود رہیں گے۔ دوسری جانب اتوار کو بن گویر کی قیادت میں سیکڑوں اسرائیلی شہری پولیس کی بھاری نفری کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوئے تھے۔ فلسطینی حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً 570 افراد احاطے میں داخل ہوئے جبکہ پیر کو مزید 458 اسرائیلی آبادکاروں کے داخلے کی اطلاع دی گئی۔ https://www.facebook.com/aljazeera/videos/israeli-pm-benjamin-netanyahu-posted-a-video-of-him-and-his-wife-sara-walking-th/1114629854547817/ فلسطینی حکام کے بقول یوم کپور کے موقع پر یروشلم کے قدیم شہر میں غیر معمولی سیکیورٹی نافذ رہی اور بعض مقامات کو عملاً فوجی علاقے میں تبدیل کردیا گیا۔ مسجد اقصیٰ کے معاملے پر عرب اور مسلم ممالک کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ سعودی عرب، اردن، قطر، کویت اور دیگر ممالک نے بن گویر کے دورے کو مسجد اقصیٰ کی موجودہ حیثیت سے متعلق انتظامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کے انتظام اور عبادت سے متعلق موجودہ انتظامی بندوبست کے تحت احاطہ اسلامی وقف کے زیر انتظام ہے جس کی حالیہ دنوں میں بار بار خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل