Thursday, September 24, 2026
 

آئی ایم ایف سربراہ کا پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام پر اظہار اطمینان

 



عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئی ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے مضبوط اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد سے معاشی استحکام حاصل ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے قومی ٹیرف نظام، ملکی محصولات میں اضافہ اور نجکاری میں پیش رفت حکومت پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا حصہ ہیں۔ کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ مضبوط اصلاحات سے پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رکھنے اور اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی اور پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل اصلاحات سے معاشی ترقی میں اضافہ اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی، اصلاحات پر مسلسل عمل درآمد سے پاکستان کی معاشی نمو میں تیزی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے اقتصادی پروگرام کے چوتھے جائزے کے مذاکرات شروع کر دیے، پاکستان کے 1.4 ارب ڈالر کے کلائمیٹ ریزیلنس پروگرام کے تیسرے جائزے پر بھی بات چیت شروع ہوگئی، دونوں جائزوں کی کامیابی سے پاکستان کے لئے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی راہ ہموار ہو سکتی ہے اور اقتصادی پروگرام کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ کلائمیٹ فسیلٹی کے تحت 20 کروڑ ڈالر دستیاب ہو سکتے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق آئی ایم ایف جائزوں میں پاکستان کی اصلاحات اور قرض دہندہ سے کیے گئے وعدوں پر پیش رفت کا جائزہ لے گا اور  وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف سربراہ سے نیویارک میں ملاقات میں اقتصادی اصلاحات پر تبادلہ خیال ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل