Friday, September 25, 2026
 

آسٹریا کے خلاف متنازع جشن پر اسرائیلی فٹبالر کو میدان سے نکال دیا گیا

 



اسرائیل کے 20 سالہ فارورڈ سید ابو فرخی کو آسٹریا کے خلاف میچ میں گول کرنے کے بعد متنازع جشن منانے پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ لنز میں کھیلے گئے میچ میں ابو فرخی نے دوسرے ہاف کے آغاز میں آسٹریا کے خلاف گول اسکور کر کے اسکور برابر کیا اور جشن منانے کے لیے کارنر فلیگ کی جانب دوڑ گئے۔ انہوں نے کارنر فلیگ کو زمین سے نکالا، اسے ہاتھ پر رکھا اور گھٹنے کے بل بیٹھنے کے بعد اچانک اسے اپنے سر کے اوپر سے آگے کی جانب اٹھایا۔ ریفری نے اس حرکت پر انہیں دوسرا یلو کارڈ دکھایا، جس کے نتیجے میں وہ ریڈ کارڈ کے ذریعے میدان سے باہر ہوگئے۔ ابو فرخی کے جشن نے سوشل میڈیا اور فٹبال حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔ بعض افراد نے ان کے اشارے کو بندوق چلانے کے انداز سے مشابہ قرار دیا جبکہ کچھ کے مطابق وہ اس حرکت کے ذریعے اسنوکر یا پول شاٹ کی نقل کر رہے تھے۔ انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) کے قانون 12 کے تحت گول کے جشن کے دوران ایسا طرزِ عمل جسے اشتعال انگیز یا تحقیر آمیز سمجھا جائے، یلو کارڈ کا باعث بن سکتا ہے۔ اگرچہ قوانین میں جشن کے دوران کارنر فلیگ نکالنے پر مخصوص پابندی موجود نہیں لیکن اسے قانون 12 کے تحت غیر کھیل کے رویے کے زمرے میں سزا دی جا سکتی ہے۔ ریفری اپنے صوابدیدی اختیار کے تحت فلیگ کے ساتھ کیے گئے اشارے کو بھی قانون کی خلاف ورزی تصور کرسکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل