Wednesday, September 30, 2026
 

کراچی: فارم ہاؤس پر انوکھی واردات، ایونٹ آرگنائزر 50 سے زائد خواتین کے موبائل فونز لیکر فرار

 



شہر میں موبائل فون چوری کر کے فرار ہونے کی انوکھی واردات میں ایونٹ آرگنائزر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے درجنوں موبائل فونز لیکر رفو چکر ہوگیا ، ملازمت کی تلاش میں آنے والی خواتین کو ایونٹ ایکٹیویٹی کے نام پر دھوکے سے گڈاپ کے فارم ہاؤس پر 2 بسوں میں لایا گیا تھا ، فارم ہاؤس کے مینجر اور ایک متاثرہ لڑکی کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ، متاثرہ خواتین گڈاپ تھانے پہنچ گئیں جہاں پولیس نے ان کے بیانات قلمبند کرلیے ۔ تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے میں قائم فارم ہاؤس پر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین اپنے موبائل فونز سے محروم ہوگئیں ، اس حوالے سے فارم ہاؤس کے مینجر اشعر انصاری کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میرے فارم ہاؤس پر ایک بکنگ ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کوآپریٹو اسٹاف میں 50 سے 55 خواتین ہونگی ہماری ہیڈ یہاں آکر تقریر کرینگی جبکہ 3 سے 4 گھنٹے کی تقریب ہے جس میں نے دن 12 بجے سے 6 تک کی بکنگ کر دی اور بتایا تھا کہ چیک آؤٹ پر ادائیگی کر دی جائیگی جبکہ بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی جو کہ فارم پر نہیں آیا تھا تاہم فارم پر آصف یا سلمان نام کا لڑکا آیا تھا اور ان کے ساتھ ایک لڑکی بھی تھی۔  شام کو 5 بجے میں نے ادائیگی کرنے کا کہا جبکہ انھوں ڈیکوریشن کا سامان بھی لیا تھا اور میرا بل بھی زیادہ تھا جس پر میں اسے میسج کیا تو انھوں نے کہا کہ میں بقائی والے روڈ پر ہوں پہنچنے والا ہوں جس پر میں کیئر ٹیکر سے کہا کہ وہ پہنچنے والے ہیں ان سے ادائیگی کرو ان وقت پورا ہوگیا ہے چیک آؤٹ کراو ، آدھے گھنٹے کے بعد کیئر ٹیکر نے فون کر کے بتایا کہ فارم پر لڑکے نے موبائل فون جمع کرائے اور وہ لیکر بھاگ گیا ہے۔  اشعر انصاری کا کہنا تھا کہ مجھے لڑکیوں نے بتایا کہ ہمیں بتایا گیا کہ بوس آرہے ہیں وہ تقریر کرینگے اس دوران فون بجیں گے تو وہ ڈسٹرب ہونگے، لہٰذا فونز ایک جگہ رکھ دو جس کے بعد وہ لیکر نکل گئے جبکہ میرے پاس جو بکنگ کرائی گئی وہ  طریقہ کار کے مطابق کی گئی جس میں شناختی کارڈ بھی میرے پاس موجود ہے۔  متاثرہ خواتین میں سے ایک لڑکی جو کہ گلستان جوہر کی رہائشی ہے، اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ہمیں نوکری کا جھانسہ دیکر بلایا گیا ، ہمیں بتایا گیا ایونٹ ایکٹویٹی ہے 25 دن کی جس میں روز 2 ہزار روپے اور کھانا شامل ہے ، ایک نجی سوسائٹی میں الگ الگ برانڈز کے اسٹال لگائے جائینگے، صبح 9 بجے پک اور ڈراپ بھی کریگی جبکہ ہمیں فارم ہاؤس پر اسٹال لگانے کی ٹریننگ اور باس سے میٹنگ کے حوالے سے فارم ہاؤس پر لایا گیا تھا۔ فارم ہاؤس پر ہمارے موبائل فونز جمع کر کے رسیدیں لگائی گئیں جس کے بعد ہمیں لائن میں کھڑا کیا گیا کہ اونر آرہے ہیں، ان کا استقبال کیا جائیگا لیکن اتنی دیر ہوگئی کوئی نہیں آیا اور اس دوران پتہ چلا کی سلمان نامی شخص موبائل فونز بیگ میں لیکر بھاگ گیا جسے کوئی لڑکا لینے آیا تھا، تاہم گڈاپ پولیس نے متاثرہ خواتین کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔ اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ پولیس بکنگ کرانے والے شخص کے حوالے سے بھی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل