Thursday, October 01, 2026
 

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکو گرفتار، ایک پولیس اہلکار بھی زخمی

 



شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکو گرفتار کرلیے گئے، ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایم فور رائفل، پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق منگھو پیر پولیس نے اجتماع گاہ الجنت سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن میں سے ایک زخمی ہے۔ ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزم محمد اقبال کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم غلام رسول کو تھانے منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ دوسری جانب پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے پہاڑی کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ایدھی حکام کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ زخمی ڈاکوؤں کی شناخت شاہنواز اور حنیف کے نام سے ہوئی، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی پولیس اہلکار 32 سالہ فراز کو نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ادھر بوٹ بیسن پولیس نے مسلح فورچونر گاڑی میں سوار ملزمان سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کا تیسرا ساتھی ایم فور رائفل اور گولیاں پھینک کر سیاہ فورچونر گاڑی میں فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی گرفتار ملزم کی شناخت شہازیب عرف چوڑہ کے نام سے ہوئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم عرفان کو تھانے منتقل کیا گیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کا نام عدنان گل معلوم ہوا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ایم فور رائفل بمعہ گولیاں، 2 پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے تفتیش اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل